Sep ۱۸, ۲۰۱۸ ۲۰:۴۲ Asia/Tehran
  • ادلب کے بارے میں روس اور ترکی کے سمجھوتے کا شام کی حانب سے خیرمقدم

حکومت شام نے ادلب کے علاقے کو ہتھیاروں سے پاک علاقہ بنانے کے بارے میں روس اور ترکی کے سمجھوتے کا خیرمقدم کیا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شام کے علاقے ادلب کو ہتھیاروں سے پاک بنانے اور اس صوبے میں فوجی کارروائی نہ کئے جانے کے بارے میں روس اور ترکی کے صدور کا حالیہ سمجھوتہ، ماسکو اور انقرہ کے درمیان صلاح و مشورے اور دونوں ملکوں میں مکمل ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔

اس بیان میں تاکید کی گئی ہےکہ شام ہر اس منصوبے کی حمایت کرنے کے لئے آمادہ ہے کہ جس کے ذریعے بے گناہ عام شہریوں کے خلاف تشدد ختم اور شام میں امن قائم ہو سکتا ہے۔

البتہ شام کی حکومت نے تاکید کی کہ شام سے تمام دہشت گردوں کا صفایا کئے جانے تک ان کے خلاف مہم کا سلسلہ جاری رہے گا۔

قابل ذکر ہے کہ شمال مغربی شام اور خاص طور سے صوبہ ادلب اور صوبہ حلب کے ترک سرحد سے ملنے والے نواحی علاقوں میں دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے باقی بچے ہیں اور شامی حکومت نے انہیں آزاد کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

 

ٹیگس