Oct ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • عراق کے نئے وزیراعظم کو ایران کی مبارک باد

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عراق کے نئے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کے نام اپنے پیغام میں عراق کے وزیراعظم کی حیثیت سے ان کے انتخاب پر مبارک باد پیش کی ہے۔ دوسری جانب عراق کی نئی حکومت کے ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے عادل عبدالمہدی کو عراق کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے قریبی تعاون کو مزید فروغ ملے گا.

ڈاکٹر حسن روحانی نے عراق کے نومنتخب وزیر اعظم کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح بالخصوص نئے دور میں عراق کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے آمادہ ہے.

صدرمملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ عادل عبدالمہدی کی وزرات عظمی کے دور میں ایران اور عراق کے تعاون میں کہ جن کے درمیان مضبوط اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی مشترکات بھی ہیں، نئے باب کا آغاز ہو گا۔

در ایں اثناعراقی کے نئے صدر برہم صالح نے اتوار کے روز عراق میں تعینات ایران کے سفیر ایرج مسجدی سے گفتگو میں ایران کے ساتھ باہمی تعلقات بڑھائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔

برہم صالح نے کہا کہ انھوں نے علاقے کے مختلف ملکوں کے سربراہوں کے ساتھ اپنے ٹیلی فونی رابطوں اور اسی طرح مختلف ملکوں کے سفیروں کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں علاقے میں کشیدگی کم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ علاقے کے مختلف ملکوں کے درمیان تعلقات کا فروغ اور باہمی مفاہمت علاقے کے تمام ملکوں اور خود عراق کے مفاد میں ہے

عراقی صدر نے ایران اور عراق کے درمیان دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید گہرے بنائے جانے کے خواہاں ہیں۔

 اس ملاقات میں عراق میں ایران کے سفیر ایرج مسجدی نے بھی عراق کے نئے صدر کی حیثیت سے برہم صالح کے انتخاب پر انھیں مبارک باد پیش کی اور ایران و عراق کے درمیان ہمہ جہتی تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کے لئے تمام کوششوں کو بروئے کار لائے جانے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا۔

قابل ذکر ہے کہ عراق کی پارلیمنٹ نے پیٹریاٹک یونین آف کردستان کے نامزد امیدوار برہم صالح کو عراق کے نئے صدر کی حیثیت سے منتخب کیا ہے جس کے بعد برہم صالح نے بھی وزارت عظمی کے عہدے کے لئےعراق کے سائرون اور الفتح الائنس کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے عادل عبدالمہدی کو نئی کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔

ٹیگس