Oct ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۶:۲۷ Asia/Tehran
  •   خاشقجی قتل کیس،تحقیقات کے نتائج کا اعلان منگل کو، اردوغان

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کیس کی تحقیقات کے نتائج کا منگل کے روز اعلان کردیا جائے گا۔

ترکی کے صدر نے کہا کہ منگل کے روز قتل کیس کی تحقیقات کے تمام نتائج کا اعلان کیا جائے گا جن میں سعودی عرب کی پندرہ رکنی ٹیم کے استنبول پہنچنے اور ریاض میں اٹھارہ افراد کی گرفتاری جیسے نکات بھی شامل ہیں۔

دریں اثنا ترکی اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفون پر مختلف مسائل پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفون پر یہ گفتگو دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو کے بعد ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے ہفتے کی صبح اس بات کا اعتراف کرلیا کہ استنبول کے قونصل خانے میں جھگڑے کے دوران مخالف صحافی جمال خاشقجی کا قتل ہوا ہے تاہم عالمی برادری نے سعودی عرب کے اس وضاحتی بیان کو مسترد کر دیا ہے۔

ٹیگس