Oct ۲۵, ۲۰۱۸ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • افغانستان میں شہریوں کی ہلاکت پر احتجاج

افغانستان کے صوبے ننگرہار میں نیشنل سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 17 شہریوں کی ہلاکت پر اہل خانہ نے میتیں مرکزی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیشنل سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شب ننگرہار صوبے کے ضلع رودات میں آپریشن کیا جس کے دوران بچوں اور خواتین سمیت 17 شہری ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاندان کے 7 افراد بھی شامل ہیں۔

گزشتہ شب نیشنل سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران تین گھروں پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے 2 خواتین، 3 بچوں، 5 بزرگوں اور 2 مہمانوں کے علاوہ 3 نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

لواحقین نے میتوں کو طورخم شاہراہ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ مقامی رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کو غلط معلومات فراہم کرنے والے انٹیلی جنس اہلکاروں کو قانون کی گرفت میں لانے کا مطالبہ کیا۔

ادھر گورنر ننگرہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے میڈیا کو بتایا کہ شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات پر تفتیشی ماہرین کو بھیجا گیا ہے جو تحقیقات مکمل کرکے گورنر کو رپورٹ پیش کریں گے۔

ٹیگس