غزہ پر صیہونی فوجیوں کا حملہ تین فلسطینی نوجوان شہید
صیہونی فوجیوں نے عزہ کے مشرقی علاقے دیرالبلح میں حملہ کر کے کم سے کم تین فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر نے فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کے لئے ہلال احمر کی ایمبولینسوں کو دیر البلح میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی اور سرانجام ایک گھنٹے سے زائد کا وقت گذر جانے اور تین فلسطینی نوجوانوں کے شہید ہو جانے کے بعد ان شہدا کے جنازے شہدائے الاقصی اسپتال منتقل کئے گئے-
صیہونی حکومت نے اپنے اس ظلم و بربریت کا دفاع کرتے ہوئے دعوی کیا کہ یہ تینوں فلسطینی نوجوان سرحدی چیک پوسٹوں کے قریب بم رکھنے کا منصوبہ بنا رہے تھے جبکہ ان کے پاس کسی بھی طرح کا کوئی دھماکہ خیز مادہ نہیں تھا-
اقوام متحدہ کی نااہلی اور ناقص کارکردگی اور اسرائیل کے جرائم پر انسانی حقوق کے دعویدار ممالک کی خاموشی کی آڑ میں صیہونی حکومت نے دو ہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے عزہ کے باشندوں کی صورت حال انتہائی ابتر ہو گئی ہے-