انڈونیشیا میں ہلاکت خیز سونامی ہر طرف تباہی ہی تباہی
انڈونیشیا میں ہلاکت خیز سونامی نے تباہی مچا دی جس کی زد میں آکر 62 افراد ہلاک جب کہ 650 افراد زخمی ہو گئے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے آبنائے سندا میں آتش فشاں پھٹنے سے سونامی نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 62 افراد ہلاک اور 650 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ سونامی کے بعد امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔
انڈونیشن حکام کے مطابق سونامی کے باعث شہر کی کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں جب کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سڑکوں اور گلیوں میں ہر طرف لاشیں بکھری پڑی ہیں، اسپتال زخمیوں سے بھرگئے ہیں جب کہ متاثرین کو خوراک، ادویات اور پینے کے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔
انڈونیشین حکام نے بتایا کہ آبنائے سندا میں سمندری لہریں ممکنہ طورپرآتش فشاں پھٹنے سے پیدا ہوئیں جب کہ سونامی سے سماٹرا اور جاوا کےعلاقے زیادہ متاثرہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں 26 دسمبر2004 میں بھی تاریخ کا ہلاکت خیزسونامی آیا تھا جس میں ایک لاکھ سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے تھے ۔