Jan ۲۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری

پاکستان کے وزیر اعظم نےقطر کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کےوزیراعظم عمران خان کا دورہ قطر مکمل ہوگیا ہے اور  وزیراعظم کے قطر کے دورے کے حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیراعظم  نے امیر قطر اور امیر قطر کے والد سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومت پاکستان نے قطری قیادت کو ایک لاکھ پاکستانی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جس کا مثبت جواب دیتے ہوئے قطرنے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ وزیر اعظم عمران خان نے درخواست قبول کرنے پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ قطر نے پاکستانی چاول کی امپورٹ پر پابندی بھی ختم کردی، جب کہ قطری قیادت کی جانب سے بتایا گیا کہ قطر پاکستان میں 2 نئے گیس پاور پلانٹس لگائے گا اور پی آئی اے کی بحالی میں معاونت کرےگا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2022ء میں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی اور امیرقطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کے ساتھ قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے، زراعت، پٹرولیم، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ٹیگس