یمن کے اسپتال پر سعودی بمباری، پندرہ شہید اور زخمی
Mar ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے شمالی یمن کے صوبے صعدہ میں ایک اسپتال پر وحشیانہ بمباری کی ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق سعودی بمباری میں اسپتال کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اس کے قریب واقع پیٹرول پمپ میں بھی آگ لگ گئی۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی تازہ جارحیت میں کم سے کم سات عام شہری شہید اور آٹھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ جائے وقوعہ پر امدادی کام جاری ہے جبکہ مقامی ذرائع نے مرنے والوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت کو منگل کے روز پانچواں برس شروع ہو گیا۔ سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی ایما پر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ کو یمن کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا تھا۔