سپاہ پاسداران کے خلاف امریکہ کا اقدام اس کی نا امیدی کا مظہر ہے
حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے امریکہ کو دہشت گرد ریاست قرار دیا ہے۔
علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے یوم ولادت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ نے کہا کہ امریکہ ایک دہشت گرد گرد ریاست ہے اور مشرق وسطی کے بہت سے ملکوں میں قتل عام کرنے والے دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کر رہا ہے۔
انہوں نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کا ایک مضبوط ادارہ ہے جس نے خطے میں امریکہ کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے خلاف امریکہ کا احمقانہ اقدام امریکیوں کی نا امیدی اور ناکامی کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ، سرزمین فلسطین پر قابض ناجائز صیہونی ریاست کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ناجائز قبضے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی سرزمین، مقدسات اور وقار کا دفاع کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔