لیبیا میں حالات کشیدہ 215 افراد ہلاک
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں دو ہفتوں سے جاری قبضے کی جنگ کے دوران 215 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے لیبیا میں جاری خانہ جنگی کے حوالے سے بیان میں بتایا گیا کہ 4 اپریل سے شروع ہونے والی خانہ جنگی کے باعث کم از کم ایک ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ اٹھارہ ہزار سے زائد شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
لیبیا میں تازہ جھڑپیں دوہفتے قبل اس وقت شروع ہوئیں جب خلیفہ حفتر نے سعودی عرب کے چند روزہ دورے اور سعودی حکام سے ملاقاتوں کے بعد طرابلس پر حملے کا اعلان کر دیا۔
لیبیا میں اس وقت دو متوازی حکومتیں ہیں۔ایک حکومت کی پارلیمنٹ طبرق میں ہے جس کو مشرقی علاقے میں جنرل خلیفہ حفتر کی نیشنل فوج کی حمایت حاصل ہے جبکہ دوسری حکومت دارالحکومت طرابلس میں قومی وفاق کی ہے جس کی سربراہی فائز السراج کر رہے ہیں اور فائز السراج کی ہی حکومت کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
لیبیا میں دوہزار گیارہ سے امریکا اور نیٹو کی مداخلت کے بعد سے بدامنی اور بحران پایا جارہا ہے۔
تازہ خانہ جنگی اس وقت شروع ہوئی جب مشرقی لیبیا کے فوجی سربراہ جنرل ریٹائرڈ خلیفہ حفتر کی ملیشیا نےدار الحکومت طرابلس پر قبضے کے لئے پیشقدمی شروع کردی تھی۔