فلسطینیوں کا امریکی سینچری ڈیل کو ناکام بنانے پر زور
فلسطین کی وزارت خارجہ نے سینچری ڈیل کے ناپاک امریکی منصوبے کی مخالفت اور ناکامی پر زور دیا ہے۔ دوسری جانب سیکڑوں صیہونیوں نے ایسٹر کے چوتھے روز مسجدالاقصی پر حملہ اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا ہے۔
رام اللہ میں فلسطینی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سینچری ڈیل کا امریکی منصوبہ صرف اور صرف اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور غیر قانونی صیہونی بستیوں کو تحفظ دینے کی کوشش ہے۔
فلسطین کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سینچری ڈیل کے بارے میں جو کچھ بیان کیا جا رہا ہے اس سے فلسطینی اراضی کو زیادہ سے زیادہ ہڑپ کرنے کی اسرائیلی بھوک میں مزید اضافہ ہو گا۔
دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ وہ سینچری ڈیل کے ناپاک امریکی منصوبے کا مقابلہ کرنے کی غرض سے فلسطینی، عرب اور اسلامی تنظیموں پر مشتمل ایک کمیٹی کے قیام کی کوشش کر رہی ہے۔
سینچری ڈیل، امریکہ کا ایک نیا منصوبہ ہے جسے مسئلہ فلسطین کو نابود کرنے کی غرض سے سعودی عرب سمیت بعض عرب ملکوں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
اس ناپاک منصوبے کے تحت بیت المقدس اسرائیل کے حوالے کر دیا جائے گا، فلسطینیوں کو اپنے آبائی علاقوں میں واپس ہونے کا حق حاصل نہیں ہو گا اور اسرائیل کے ناجائز قبضے سے باقی بچ جانے والا غرب اردن اور غزہ کا مختصر سا علاقہ ہی فلسطینیوں کی ملکیت ہو گا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سیکڑوں صیہونیوں نے ایسٹر کے چوتھے روز مسجدالاقصیٰ پر حملہ اور اس مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا ہے۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعرات کو علی الصبح پانچ سو صیہونیوں نے مسجد الاقصیٰ میں گھس کر اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی اور اشتعال انگیز حرکتیں کر کے فلسطینیوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں صیہونیوں کی جانب سے مسلمانوں کے قبلہ اول پر حملے اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ حالیہ ایام میں ایسٹر تہوار کی آڑ میں سیکڑوں صیہونی آباد کار روزانہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجدالاقصی میں داخل ہو کر اس مقدس مقام کی بے حرمتی کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق صیہونی فوجیوں نے غرب اردن پر حملہ کر کے کم سے کم تین فلسطینیوں کو اغوا کر لیا، اس دوران صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ صیہونی فوجیوں نے نابلس کے علاقے بیتا پر بھی حملہ کیا جس میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔