یمن کے خلاف سعودی اتحاد کبھی کامیاب نہیں ہو گا
یمن اور روس کے ماہرین نے ماسکو میں اپنے ایک اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
یمن میں جنگ کے چار برس کے زیرعنوان ماسکو میں منعقدہ اس اجلاس میں یمنی جوانوں کی تحریک کے سربراہ محمد اذانا نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو بہت بڑا مغالطہ ہوا ہے جو یہ سوچ رہے تھے کہ یمنی عوام پر غلبہ پا لیا جائے گا اور چند ماہ کے اندر ان کا قلع قمع کردیا جائے گا۔
یمن کی ایک اور سرگرم شخصیت اور انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن علی البخیتی نے بھی اس اجلاس میں کہا کہ یمن کے مسئلے کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جا سکتا اور یمنی عوام کے خلاف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی گروہوں کو چاہئے کہ مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کریں۔
اس اجلاس میں روسی پولیٹکل سائنس اکیڈمی کے سربراہ گریگوری لوکیانوف نے بھی کہا کہ یمن کے خلاف اتحاد میں شامل ملکوں کو امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے ہتھیار فراہم کئے جاتے رہے ہیں اور یہی ممالک جنگ یمن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انھوں نے یمن پر جارحیت فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔