پاکستان و ہندوستان میں عزاداری امیرالمومنین(ع)
امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر ہندوستان اور پاکستان میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان و ہندوستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں 19 رمضان المبارک کی رات سے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت پاکستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں جمعہ کی رات یعنی پہلی شب قدر اور شب ضربت کے ساتھ ہی عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیاتھا اور شہادت حضرت علی (ع) کے ساتھ ہی شب شہادت میں ماتمی جلوس برآمد ہوئے اورعزاداری اور ماتمی جلوس بر آمد ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جو آج دن بھر جاری رہے گا۔
ہمارے نمائندوں کی رپورٹوں کے مطابق ہندوستان میں بھی ممبئی، دہلی، حیدرآباد، لکھنؤ اور کولکتہ سمیت اس ملک کے تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ جمعہ کی رات سے شروع ہو گیا اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔
اسی مناسبت سے کل رات ہندوستان کے سبھی شہروں میں عزاداروں نے شب بیداری کی اور مساجد نیزامام بارگاہوں میں دوسری شب قدر کے اعمال کئے اور شب شہادت کی مناسبت سے عزاداری کی۔
یوم حضرت علی(ع) کے موقع پر آج پاکستان بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسی مناسبت سے منعقد ہونے والے عزاداری کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
فاتح خیبر حیدرکرار شیر خدا کو کوفہ کی مسجد میں 19 رمضان المبارک کو نماز کی حالت میں زخمی کیا گیا اور آپ 21 رمضان کوشہید ہو ئے۔
مشکل کشاء امیرالمومنین حضرت امام علی (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے سحر عالمی نیٹ ورک اہلبیت اطہارعلیہم السلام کے تمام چاہنے والوں اور اپنے تمام سامعین و ناظرین کی خدمت میں بادل مغموم تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔