کمرہ عدالت میں مصر کے معزول صدر محمد مرسی کی موت
مصر کے معزول صدر محمد مرسی دوران قید کمرہ عدالت میں انتقال کر گئے۔
مصر کے سرکاری میڈیا کے مطابق معزول صدر محمد مرسی پیر کے روز ایک عدالت میں پیش ہوئے جہاں پیشی کے دوران وہ انتقال کرگئے۔ عدالتی سماعت کے دوران انہیں کمرہ عدالت میں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث وہ تھوڑی ہی دیر میں انتقال کرگئے۔
واضح رہے کہ مصر پر ہمیشہ سے ہی ڈکٹیٹرز کی حکومت رہی ہے لیکن محمد مرسی پہلے صدر تھے جو جمہوری طریقے سے منتخب ہوئے تھے۔
2011 میں عرب بہارآئی تو اس وقت کے صدر حسنی مبارک کے 30 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہوا جس کے بعد محمد مرسی مصر کے پہلے جمہوری صدر منتخب ہوئے۔
وہ اخوان المسلمون کے پلیٹ فارم سے صدر منتخب ہوئے تھے لیکن ایک سال بعد 2013 میں ایک اور فوجی بغاوت کے نتیجے میں ان کے اقتدار کا خاتمہ کر کے انہیں جیل میں ڈال دیا گیا جبکہ ان کی جماعت پر پابندی عائد کر دی گئی۔