Jun ۲۴, ۲۰۱۹ ۲۲:۱۳ Asia/Tehran
  • منامہ کانفرنس اور سینچری ڈیل کامیاب نہیں ہو سکتی

فلسطین اور لبنان کے علما نے جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں اپنے ایک اجلاس میں ناپاک امریکی منصوبے سینچری ڈیل کی مذمت کی ہے- اس درمیان فلسطین کی جہادی تنظیوں حماس اور جہاد اسلامی نے کہا ہے کہ سنیچری ڈیل اور منامہ کانفرنس کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔

لبنان کے جنوبی شہر صیدا میں لبنانی اور فلسطینی علما کے اجلاس میں جو فلسطینی علما کی انجمن کے زیراہتمام منعقد ہوا مقررین نے امریکی منصوبے سینچری ڈیل کے مقابلے میں استقامت و اتحاد کے تحفظ اور صیہونی دشمن کے مقابلے میں ثابت قدمی اور پامردی کی ضرورت پر زور دیا-

اجلاس میں شریک فلسطینی اور لبنانی علما نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی ان کا بنیادی حق ہے اور اس پر کسی قیمت پر سودا نہیں کیا جائے گا-

دریں اثنا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ فلسطینی قوم نہ صرف یہ کہ پوری دنیا کی دولت و ثروت کے عوض اپنے حقوق کا سودا کرنے پر تیار نہیں ہے، بلکہ فلسطین کی آزادی، فلسطینیوں کی وطن واپسی اور اپنے مقدسات کے دفاع کے لئے اپنی جان بھی قربان کرنے پر آمادہ ہے-

حماس کے ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت نے اپنے منصوبوں کے ذریعے فلسطینی قوم اور فلسطینی امنگوں کو نشانہ بنایا ہے اور وہ فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مظالم میں برابر کی شریک ہے-

انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہری جہاں بھی ہوں گے وہ بحرین کانفرنس کے خلاف احتجاج کریں گے اور سرزمین فلسطین میں بھی اس کانفرنس کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جبکہ پورے فلسطین میں عام ہڑتال ہو گی-

انہوں نے کہا کہ دنیا کے ہر گوشے میں موجود فلسطینیوں کی طرف سے سینچری ڈیل اور بحرین کانفرنس کی مخالفت اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ فلسطینی عوام اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے پرعزم ہیں اور وہ اپنی سرزمین کو آزاد کرانے کی جد وجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے اس عزم کا مطلب صاف ہے کہ سینچری ڈیل حقیقی معنوں میں اور عملی طور پر ناکام ہو چکی ہے-

دوسری جانب فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سیاسی دفتر کے رکن محمد الہندی نے بھی کہا ہے کہ سینچری ڈیل سازشی منصوبے نے غرب اردن کو نشانہ بنایا ہے اس لئے اس علاقے کے فلسطینیوں کو ڈٹ کر اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا-

جہاد اسلامی کے رہنما محمد الہندی نے کہا کہ مشکوک معاملات اور سودے اور اسی طرح سینچری ڈیل سازش اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکے گی جب تک فلسطینی عوام اپنے اصولی موقف پر قائم رہیں گے- جہاد اسلامی کے رہنما نے زور دے کر کہا کہ سینچری ڈیل منصوبے کو فلسطینیوں پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی مرضی صرف فرسودہ اور زوال کا شکار حکومتوں پر ہی مسلط کر سکتا ہے- منامہ کانفرنس منگل کو شروع ہو رہی ہے جس سینچری ڈیل پر عمل درآمد کے پہلے مرحلے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے-

ٹیگس