لیبیا کے دارالحکومت کے قریب گھمسان کی جنگ
لیبیا میں خلیفہ حفتر کی نیشنل آرمی اور وزیر اعظم فائز سراج کی قومی وفاقی حکومت کی فوجوں کے درمیان لڑائی بدستور جاری ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ طرابلس ایئر پورٹ کے قریب الرملہ اور عین زارہ سیکٹر پر جاری اس لڑائی میں دونوں جانب ہلکے اور بھاری ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔
لیبیا کی سپریم کونسل نے گزشتہ ہفتے، خلیفہ حفتر کی فوج کے تازہ حملوں کے بارے میں خبر دار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مصر، متحدہ عرب امارات اور فرانس خلیفہ حفتر کی حمایت کر رہے ہیں۔
ادھر خلیفہ حفتر نے عنقریب طرابلس پر اپنی فتح کا دعوی کرتے ہوئے اپنی وفادار فوجوں کو شہر کی سمت پیشقدمی کا حکم دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لیبیا میں مغربی ملکوں اور ان کے اتحادیوں کی مداخلت کے نتیجے میں سن دو ہزار گیارہ سے بحران جاری ہے اور اس ملک میں بیک وقت دو حکومتیں قائم ہیں۔
وزیر اعظم فائز سراج کی قومی وفاق حکومت کو عالمی برادری تسلیم کرتی ہے جبکہ مشرقی علاقے پر مسلط خلیفہ حفتر کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور فرانس کی حمایت حاصل ہے۔