یمن کے فراری صدر سعودی عرب کے فوجی کیمپ میں روپوش
Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۰ Asia/Tehran
یمنی ذرائع کے مطابق عدن میں امارات کے حمایت یافتہ فوجیوں اور فراری صدر عبد ربہ منصور ہادی کے حامی صدارتی محل کے محافظوں کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں اب تک 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق عدن میں امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل نے اپنے حامی فوجیوں کو صدارتی محل کی جانب بڑھنے کا حکم دیا، جس کے بعد صدارتی محل کے محافظوں اور اماراتی فوجیوں کے درمیان لڑائی شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جنوب یمن میں عبوری کونسل کے نائب سربراہ ہانی بن بریک نے اپنے فوجیوں کو المعاشق محل پر حملہ کرنے کا حکم دیا ، جس کے بعد یمن کے فراری صدر عبد ربہ منصور ہادی محل سے فرار ہوکر سعودی عرب کے فوجی کیمپ میں چلے گئے ہیں۔