Aug ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۹:۲۸ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے خلاف عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے معاملے میں عالمی فوجداری عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔

رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے جمعرات کی شب حکم دیا ہے کہ صیہونی بستیوں کی تعمیر سے متعلق کیس عالمی فوجداری عدالت میں دائر کیا جائے۔
اس حکم کے بعد فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اقوام متحدہ میں تعینات فلسطین کے سفیر کو ہدایات جاری کر دی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے پر عرب سفیروں کی کونسل، اسلامی ممالک، غیر جانبدار تحریک کے دفتر، افریقی یونین اور سلامتی کونسل کے رکن ملکوں سے ضروری صلاح مشورے کا عمل شروع کریں۔
فلسطین کے وزیر خارجہ نے صیہونی بستیوں کی تعمیر کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے کھڑی کی جانے والی ایک اہم ترین مشکل قرار دیا۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ غاصب صیہونی حکومت نے غرب اردن کے علاقے میں نئی صیہونی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کر دیا۔ 
فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ رام اللہ کے قریب واقع بیت ایل ٹاؤن میں ساڑھے چھے سو نئے رہائشی یونٹوں کی تعمیر کا آغاز  کر دیا گیا۔ 
امریکہ میں ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کے گھروں کے انہدام کے واقعات میں بھی زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔
امریکہ نے چوبیس جولائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس بیان کی منظوری کو رکوا دیا تھا جس میں اسرائیل سے فلسطینیوں کے گھروں کا انہدام روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ 
اسرئیل غرب اردن میں نئی صہیونی بستیوں کے قیام کے منصوبے پر ایسے وقت میں عملدرآمد کر رہا ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تئیس دسمبر دو ہزار سولہ کو منظور کی جانے والی قرار داد تیئیس چونتیس کے ذریعے اسرائیل سے کہا تھا کہ وہ فلسطینی آبادی والے علاقوں میں نئی بستیوں کے تمام منصوبے فوری اور مکمل طور پر بند کر دے۔
غاصب صیہونی حکومت فلسطینیوں کے گھروں اور مکانات نیز عمارتوں کو تباہ اور فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیاں تعمیر کر کے فلسطینیوں کے ان علاقوں کا جغرافیائی نقشہ تبدیل اور انھیں صیہونی رنگ دے کر ان علاقوں پر اپنے تسلط کو مضبوط و مستحکم بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ 

ٹیگس