سعودی عرب: حرمین ٹرین اسٹیشن پرخوفناک آتشزدگی
Sep ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
حرمین اسٹیشن سے ٹرین مکہ اور مدینہ کے لیے جاتی تھی۔
سعودی میڈیا کے مطابق جدہ میں حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین اسٹیشن پر اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بلند شعلوں میں تبدیل ہوگئی جس کے باعث آسمان پر کالے بادل چھا گئے۔ آگ کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ادارے، سول ڈیفنس اور طبی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا اور 6 گھنٹے کی مسلسل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیاگیا جس کے لیے سعودی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کی بھی مدد لی گئی۔
آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے حکومت نے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
واضح رہے کہ حرمین ریل اسٹیشن کو 6.7 بلین یورو کی خطیر رقم سے تعمیر کیا گیا تھا اور گزشتہ برس ہی اسٹیشن کا افتتاح کیا گیا تھا۔ اس اسٹیشن سے مکہ اور مدینہ جانے کے لیے 450 کلومیٹر طویل ٹریک بنایا گیا تھا۔