سعودی عرب میں میوزیکل کنسرٹ پرحملہ متعدد فنکار زخمی
سعودی عرب میں ایک چاقو بردار شخص نے اسٹیج پر فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں پر قاتلانہ حملہ کردیا جس کے نتیجے میں خاتون فنکارہ سمیت دو فنکار زخمی ہوگئے۔
سعودی میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں کنگ عبداللہ پارک میں میوزیکل کنسرٹ کے دوران فنکاروں کا ایک گروپ اپنے فن کا مظاہرہ کررہا تھا کہ اچانک چاقو بردار شخص نے اسٹیج پر چڑھ کر فنکاروں پر وار کردیئے جس کے نتیجے میں خاتون فنکارہ سمیت دو فنکار زخمی ہوگئے۔
حملہ آور شخص کو سیکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا ہے جس سے تفتیشی عمل جاری ہے۔ حملے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کا شکار ہونے والے تینوں فنکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان امریکہ اور یورپی ممالک کے دباو میں آ کر سعودی عرب میں غیر شرعی، غیر انسانی، غیر قانونی اور غیر روایتی اقدامات کررہے ہیں تاکہ ملک کو تاجروں اور سیاحوں کے لیے پُرکشش بنایا جا سکے اور اس طرح ڈوبتی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے۔
سعودی عرب میں پہلی بار سیاحوں کے لیے ویزہ پالیسی کا اعلان کیا گیا جس کے ساتھ ہی خواتین سیاحوں کے لیے برقع کی لازمی شرط ختم کر دی گئی اور اب بیرون ملک سے آنے والے غیرشادی شدہ سیاح جوڑوں کو ایک ہی کمرے میں ٹھہرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے اورکنگ عبداللہ پارک میں 2 ماہ سے مختلف فیسٹیولز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں بڑے پیمانے پرخواتین بھی شرکت کر رہی ہیں۔