Dec ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • شمالی بغداد پر داعش کا حملہ ناکام

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع بلد کے علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراق کی رضاکار عوامی فورس حشدالشعبی کے جوان عراق کے مختلف علاقوں کو داعش دہشتگردگروہ کے باقیماندہ عناصر سے پاک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
درایں اثنا عراقی فوج نے مغربی عراق کے صوبہ الانبار میں ایک دہشتگرد گروہ کا قلع قمع کر دیا ہے۔
عراقی فوج کے بیان میں آیا ہے کہ ایک خصوصی آپریشنل میں عراقی فوج نے صوبہ الانبار میں ایک دہشتگرد گروہ کا پتہ لگا کر اسے تباہ کر دیا ہے ۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے بدھ کی رات دارالحکومت بغداد میں چار دھماکوں کی خبر دی ہے ۔
عراقی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ ان دھماکوں میں کم سے کم تیرہ افراد زخمی ہوگئے۔
عراقی ذرائع ابلاغ کے اعلان کے مطابق ایک بم دھماکا الامین کے علاقے میں اور دوسرا بم دھماکا بغدادا کے المعالف علاقے میں ہوا ہے۔
تیسرا اور چوتھا دھماکا الشعب نامی علاقے اور صدرسٹی میں ہوا ہے ۔
بغداد سمیت عراق کے مختلف علاقوں میں گذشتہ ہفتوں کے دوران حملوں، فائرنگ اور دھماکوں کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔
عراقی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشتگرد گروہ کے خفیہ عناصر نے بدامنی سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو اس ملک کے مختلف علاقوں میں نئے حملے کرنے کے لئے تیار کر لیا ہے۔
عراق میں گذشتہ مہینوں میں ملک میں عام سروسز کی خراب صورت حال، بےروزگاری اور دفتری بدعنوانی کے خلاف مظاہرے ہوتے رہے ہیں تاہم امریکہ، اسرائیل، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے وابستہ عناصر نے ان مظاہروں کو تشدد کی طرف موڑ دیا جس کے باعث دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔
حزب اللہ عراق نے ابھی حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ امریکی اور صیہونی حکومت ، بغداد کی پالیسیوں سے ناراضگی کی بنا پر عراق میں ہونے والی بدامنی میں ملوّث رہی ہے۔ عراق کے صوبہ بصرہ کے پولیس سربراہ نے کھل کر کہا ہے کہ صیہونی حکومت، سعودی عرب اور امارات ، عراق کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ٹیگس