امریکی دہشت گردی کے خلاف یمنی عوام بھی سڑکوں پر نکل آئے
Jan ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
یمن دارالحکومت صنعا اور صوبہ صعدہ کے مختلف شہروں میں سردارمحاذ استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں پر امریکی دہشت گرد فوج کے حملے کے خلاف بڑے بڑے مظاہرے کیے گئے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق درالحکومت صنعا کے باب الیمن پر ہونے والے ایک بڑے مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک تھے اور بغداد میں امریکہ کے دہشت گردانہ حملے کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ ایسے ہی مظاہرے صوبہ صعدہ کے مختلف شہروں میں بھی کئے گئے جن میں شریک لاکھوں یمنیوں نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ کے نعرے لگائے اور شہدا کے خون کا انتقام لینے کا عزم ظاہر کیا۔
یمنی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ عراق اور خطے سے امریکہ کی دہشت گرد فوج کے انخلا کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ ایران اورعراق کے عوام کے ساتھ ہیں اور امریکی دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ یمنی مظاہرین نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سپاہ قدس، حشدالشعبی، اور خطے کی استقامتی تحریکیں امریکہ اور اسرائیل کی نابودی کے لیے مل کر قدم آگے بڑھائیں گی۔