جنرل سلیمانی پر امریکی حملہ کھلی جارحیت ہے: مہاتیر محمد
ملائیشیا کے وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ تمام مسلمان ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے متحد ہوجائیں۔
ملائیشیا کے وزیرِاعظم مہاتیر محمد نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈرجنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قتل کو جارحیت قرار دیا اور کہا کہ اس طرح شدت پسندی کو مزید فروغ ملے گا۔
ملائیشیا کے وزیرِاعظم نے قاسم سلیمانی کے قتل کو سعودی صحافی جمال خاشقجی کی طرح کا واقعہ قرار دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔
مہاتیر محمد نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسلامی ممالک متحد ہوجائیں، ہم میں سے کوئی بھی محفوظ نہیں، اگر کوئی کچھ کہتا ہے یا کسی کا مذاق اڑاتا ہے اور یہ بات کسی کو پسند نہیں آتی تو اگلا ڈرون بھیج دیتا ہے اور شاید وہ مجھے بھی نشانہ بنادیں۔
واضح رہے کہ ملائیشیا اور ایران کے درمیان مضبوط تعلقات استوار ہیں۔