سامراج کے خلاف ایران اور عراق کے عوام کی جد وجہد ، تاریخ کے اہم واقعات
عراق میں امریکا کے جمعے کے نو ٹو امریکا ملین مارچ نے ثابت کردیا ہے کہ عراقی عوام اپنے ملک کی خومختاری اور اقتدار اعلی کے تحفظ پر مصمم ہیں اور اگر امریکا نے اپنے فوجیوں کو اس ملک سے نہ نکالا تو عراقی عوام انہیں نکال باہر کریں گے۔ اسی کے ساتھ مختلف عراقی رہنماؤں نے امریکا مخالف ملین مارچ میں عراقی عوام کی بھر پور شرکت اور بے مثال یک جہتی کے مظاہرے کی قدردانی کی ہے-
عراق کی تنظیم عصائب اہل حق کے سربراہ قیس خزعلی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرامپ کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ عراقی عوام کے ملین مارچ نے واضح کردیا ہے کہ اگر امریکی خود سے نہ نکلے تو انہیں اس ملک سے نکالا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ یہ تحریک استقامت کا عہد ہے کہ اب امریکیوں کو عراق میں نہیں رہنے دیا جائے گا۔
حزب اللہ عراق نے بھی ایک بیان جاری کرکے نو ٹو امریکا ملین مارچ میں عراقی عوام کی بھر پور شرکت کی قدردانی کی ہے۔حزب اللہ عراق نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کے خلاف عراقی عوام کی تحریک عراق سے نہیں بلکہ پورے مغربی ایشیا سے امریکی فوجیوں کے انخلا تک جاری رہے گی۔
حزب اللہ عراق نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ عراقی عوام نے ثابت کردیا ہے کہ امریکی استبداد کے مقابلے میں وہ اتحاد ویک جہتی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں ۔حزب اللہ عراق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عراقی عوام نے جمعے کے ملین مارچ میں دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ اب اس علاقے میں امریکی غاصبوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
عراق کے الفتح اتحاد کے سربراہ ہادی العامری نے بھی کہا ہے کہ جمعے کے ملین مارچ میں عراقی عوام نے متحد ہوکے اپنے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے اور امریکی حکومت کو عراقی عوام کے مطالبے کا احترام کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے فوجیوں کو نکال لینا چاہئے ۔
عراق کے صدر بر ہم صالح نے بھی کہا ہے کہ عراقی عوام اپنے ملک کے قومی اقتدار اعلی کے تحفظ پر مصمم ہیں اور عراق کی ارضی سالمیت اور جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی ان کے لئے قابل قبول نہیں ہے۔
اس دوران عراق کے معروف مذہبی اور سیاسی رہنما اور صدر دھڑے کے سربراہ مقتدی صدر نے امریکا کے ساتھ انجام پانے والے سبھی سمجھوتوں کی منسوخی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ امریکا عراق میں اپنے سبھی فوجی اڈے بند کرے ۔
مقتدی صدر نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے عراق سے اپنے فوجیوں کو نہ نکالا تو غاصب اور دشمن کی حیثیت سے اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔
مقتدی صدر نے عراقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عراق کی فضائی حدود کو امریکا کے لئے بند کردیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کے فوجی اڈوں کو بند کرکے ہی اس کے فوجیوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کو عراق سے نکالا جاسکتا ہے۔
یاد ر ہے کہ عراقی عوام نے استقامی تنظیموں اور سیاسی ومذہبی رہنماؤں کی اپیل پر جمعے کو نو ٹو امریکا ملین مارچ نکالا تھا۔عراقی عوام کے اس بے مثال ملین مارچ کو بیس دن کے اندر امریکا کے لئے دوسرا کاری وار قرار دیا گیا ہے ۔
امریکا پر پہلا کاری وار، آٹھ جنوری کو عراق میں امریکا کے عین الاسد ایئر بیس پر ایران کے تباہ کن میزائلی حملوں کی شکل میں لگا تھا اور دوسرا وار عراقی عوام نے جمعے کے دن اپنے نو ٹو امریکا ملین مارچ سے لگایا ہے جس کو عراق کے دوسرے ثورۃ العشرین کا نام دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ثورۃ العشرین انیس سو بیس کی عراقی عوام کی برطانیہ مخالف تحریک کو کہا جاتا ہے جس کے نتیجے میں برطانیہ کو عراق سے نکلنا پڑا تھا۔