Feb ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج کے حملے میں تحریک جہاد اسلامی کے دو رکن شہید (تفصیلی خبر)

تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے اپنے دو مجاہدین کی شہادت کی خبر دی ہے۔ درایں اثنا صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اتوار کی رات غزہ پٹی پر بمباری کی ہے۔

تحریک جہاد اسلامی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ جہاد اسلامی کے قدس بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے سلیم احمد سلیم اور زیاد احمد منصور پیر کی صبح شام کے دارالحکومت دمشق پر صیہونی حکومت کے حملے میں شہید ہو گئے۔
جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا کہ دمشق میں اسرائیل کے بزدلانہ حملے سے فلسطین کے اندر القدس بریگیڈ کے مجاہدین کے مقابلے میں غاصب صیہونی حکومت کی شکست اور ناتوانی کی عکاسی ہوتی ہے۔ 
بعض ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ یہ حملہ اسرائیل کے جنگی طیاروں نے انجام دیا ہے۔
صیہونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس حملے کا مقصد دمشق میں تحریک جہاد اسلامی کی فوجی ونگ القدس بریگیڈ کے مراکز کو نشانہ بنانا تھا۔ 
دراین اثنا تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے القدس بریگیڈ نے دعوی کیا ہے کہ غزہ پٹی میں صیہونیوں کے حالیہ جرائم کے جواب میں اس نے غزہ پٹی سے یہودی کالونیوں پر بیس راکٹ فائر کئے۔ اس سے قبل فلسطینی ذرائع نے اتوار کی رات غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے حملے کی خبر دی تھی۔ 
فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی جنگی طیاروں نےغزہ پٹی کے شمالی علاقے بیت لاحیا، مشرقی علاقے حی الفتاح اور جنوبی علاقے خان یونس پر بمباری کی ہے۔ 
 
غزہ پٹی پر صیہونی جنگی طیاروں کی پرواز کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ 
صیہونی فوجیوں نے اتوار کو جنوبی غزہ پٹی میں فلسطینی جوان محمد الناعم کو شہید کرنے کے بعد نہایت وحشیانہ اور غیر انسانی حرکت کرتے ہوئے ان کی لاش پر بلڈوزر چڑھا دیا۔
 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں ، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز ، گذشتہ ہفتوں کے دوران غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو کئی بار اپنی جارحانہ کارروائیوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
 
صیہونی حکومت نے دسمبر دوہزار سترہ سے غزہ پٹی پر اپنے حملوں کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں میں اب تک ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں ۔ غزہ پٹی دوہزار چھے سے اب تک مسلسل اسرائیل کے بحری ، بری اور فضائی محاصرے میں ہے اور غزہ پٹی کے باشندوں کو مختلف مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔ 

ٹیگس