Feb ۲۹, ۲۰۲۰ ۲۳:۴۳ Asia/Tehran
  • افغان حکومت اور طالبان، مذاکرات کیلئے آمادہ

خبری ذرائع نے افغانستان کی حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کیلئے آمادگی کی خبر دی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے قطر میں افغان امن معاہدے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ افغانستان کی حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات 10 مارچ 2020 سے شروع ہوں گے۔

قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر نے اس سلسلے میں کہا کہ وہ تمام فریقوں کے ساتھ  گفتگو کیلئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ آج امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ایک تقریب کے دوران طالبان کے پولیٹیکل شعبے کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر اور امریکہ کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق امریکی فوج 14 ماہ میں افغانستان سے انخلاء مکمل کرے گی اور فریقین جنگ بندی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، 5 ہزار گرفتار طالبان کو رہا کیاجائے گا اور طالبان رہنماؤں کا نام اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست سے نکالا جائے گا جبکہ بین الافغان گفتگو کا آغاز 10 مارچ سے کیا جائے گا۔

ٹیگس