Apr ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۷ Asia/Tehran
  • یمن، کورونا کے پیش نظر قیدیوں کی رہائی

یمن کی قومی حکومت میں قیدیوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر المرتضی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک ہزار دوسو اور دوسرے مرحلے میں تین سو قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

 یمن کی قومی حکومت میں قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے سربراہ نے مستعفی منصور ہادی حکومت کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے کے مطابق ایک ہزار چار سو جنگی قیدیوں کے تبادلے کی خبر دی ہے۔ قیدیوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر المرتضی نے المیادین ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمجھوتے کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک ہزار دوسو اور دوسرے مرحلے میں تین سو قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔

یمن کی قومی حکومت نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اردن میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں منصور ہادی کی مستعفی حکومت کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی نشست میں ایک ہزار چار سو قیدیوں کی رہائی کے بارے میں سمجھوتہ ہوا ہے۔ 

دوسری طرف صنعا حکومت سے وابستہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ مآرب کے صرواح اور کوفل علاقوں میں جارح سعودی اتحاد کی پیشقدمی روکتے ہوئے اسے کافی جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔ اس کارروائی میں جارح سعودی اتحاد کے اسّی کرائے کے فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں جارح سعودی اتحاد کی بریگیڈ تین سو دس کے کمانڈر حمید الدستوری اور منصور ہادی کی مستعفی حکومت کی بریگیڈ بہتّر کے کمانڈر خالد الجماعی بھی شامل ہیں۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس، جمعرات کے روز بھی صوبہ مآرب کے شمالی علاقوں کے فوجی اڈوں کو بھی اپنے کنٹرول میں لینے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

ہفتے کے روز یمن کی قومی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے تاہم حکومت نے بطور احتیاط رضاکارانہ طور پر انسان دوستانہ اقدام کے تحت کچھ قیدیوں کو کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے سے بچانے کے لئے رہا کیا گیا ہے۔

اس سے قبل یمن کے وزیر اطلاعات و نشریات نے اعلان کیا تھا کہ جارح سعودی اتحاد نے سعودی جنگی طیاروں کے ذریعے دار الحکومت صنعا اور دوسرے شہروں میں کورونا وائرس سے آلودہ ماسک گرائے ہیں۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ اور اپنے کارکنوں سے کہا تھا کہ وہ عوام میں اس خطرے کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔

یمن کے وزیر اطلاعات و نشریات ضیف اللہ الشامی کا کہنا تھا کہ سعودی فوجی اتحاد نے مسلسل گزشتہ پانچ برسوں سے شدید بمباری اور ملک کا محاصرہ کر کے یمن میں دنیا کا سب سے خطرناک انسانی المیہ رقم کیا ہے اور یہ اتحاد، دار الحکومت صنعا سمیت متعدد شہروں میں کورونا وائرس کو پھیلانے کے لئے آلودہ ماسک جنگی طیاروں سے گرا رہا ہے۔

ٹیگس