رہبر انصاراللہ: غزہ میں صیہونی جرائم پر بعض اسلامی ملکوں کی خاموشی افسوسناک ہے
انصاراللہ یمن کے رہبر نے عید میلادالنبی کی مناسبت سے دسیوں لاکھ کے اجتماع سے خطاب میں غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام پر بعض اسلامی ملکوں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کے مطابق انصاراللہ یمن کے رہبرسید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عید میلادالنبی کی مناسبت سے دسیوں لاکھ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ اسرائيلی دشمن نے امریکا کی معاونت سے صدی کے وحشیانہ ترین جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں کے لئے خشک دودھ بھی نہیں پہنچنے دیا جارہا ہے اور فلسطینی عوام کی فاقہ کشی سخت ترین مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔
یمن کے عوامی رہنما نے کہا کہ قبلہ اول مسجد الاقصی اورغرب اردن پر بھی اسرائیلی حکومت ہر روز حملے کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ مسلمین عالم کی نگاہوں کے سامنے ایک مسلم قوم کا نسلی تصفیہ ہورہا ہے اور بعض اسلامی ملک اس طرح خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں کہ جیسے ان سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ بعض خطرے سے باخبر نہیں ہیں آور بعض اسرائیلی دشمن کے ساتھ تعاون کررہے ہیں۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ ملت فلسطین کی مظلومیت نے بعض مسلم حکومتوں کی وحشتناک انسانی، اخلاقی اور دینی پستی کو آشکارا کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونیوں نے صحافتی اور نرم جنگ میں مسلمانوں کو اس طرح ہدف بنایا ہے کہ انہیں مٹھی بھر یہودیوں کے مقابلے میں ذلت وخواری کے مرحلے میں پہنچا دیا ہے ۔
انصاراللہ یمن کے رہبر نے کہا کہ ااسرائيلی دشمن فلسطین پر نہیں رکے گا اور جرائم پیشہ صیہونی حکام مشرق وسطی کا نقشہ تبدیل کرنے اور گریٹر اسرائیل کی بات کھلے عام کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ صورتحال امت اسلامیہ کے وجود کے لئے خطرہ ہے۔
یمن کے عوامی رہنما نے کہا کہ اس حقارت اور ذلت میں امت اسلامیہ کی نجات نہيں ہے بلکہ صیہونیوں کی فتنہ انگیزیوں اور جرائم کے خاتمے کے لئے مجاہدت اور جہاد میں ہی نجات ہے۔