افغانستان میں مصالحتی کوششوں کا مثبت رد عمل
افغانستان میں اشرف غنی اور عبدااللہ عبداللہ نے ملکی شخصیات کی مصالحتی کوششوں کا مثبت جواب دیا ہے۔
کابل سے موصولہ رپورٹ کے مطابق عہدہ صدارت کے دونوں دعویداروں، اشرف غنی اورعبداللہ عبداللہ نے کابینہ کے اراکین کا اعلان نہ کرنے کی مصالحت کاروں کی اپیل منظور کرلی ہے۔
اشرف غنی کے مشیر وحید عمر نےاعلان کیا ہے کہ صدر اشرف غنی نے مصالحت کاروں کی اپیل پر پانچ دن تک کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عبداللہ عبداللہ کی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رہ سکے۔
عبداللہ عبداللہ کے دفتر نے بھی ایک بیان جاری کرکے مذاکرات کی مدت میں توسیع کی منظوری کا اعلان کیا ہے ۔اس بیان کے مطابق عبداللہ عبداللہ نے اسی کے ساتھ اپنی کابینہ کے اراکین کے ناموں کا اعلان ملتوی کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے ۔
یاد رہے کہ افغانستان میں سابق صدر حامد کرزئی، معروف سیاستداں عبدالرسول سیاف، حزب وحدت اسلامی کے صدر کریم خلیلی اور سابق اسپیکر یونس قانونی سمیت ملک کے سرکردہ سیاستدانوں نے اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سے اپیل کی تھی کہ فی الحال اپنی کابینہ کے اراکین کا اعلان کرنے سے گریز کریں ۔