Apr ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • مغربی ایشیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

علاقے کے عرب ممالک نیز اسرائیل کے زیرقبضہ فلسطینی علاقوں میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد بدستور بڑھتی جارہی ہے۔

 

فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں سات مزید فلسطینیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر دی ہے اور کہا ہے کہ مجموعی طور پر کورونا کے تین سو سات مریض غرب اردن میں ایک سو ایک مریض بیت المقدس میں  اور تیرہ افراد غزہ پٹی میں کورونا میں مبتلا پائے گئے ہیں ۔

فلسطین کی وزارت صحت نے مزید کہا کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلاء انہتر مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور پندرہ ہزار پانچ سو افراد کو قرنطینہ کیا گیا ہے ۔

متحدہ عرب امارات نے بھی ملک میں چار سو اناسی نئے کورونا مریضوں کی خبر دیتے ہوئے کہا ہے مزید چار مریض کورونا میں ہلاک ہوگئے ہیں اور یوں متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر اب تک اکتالیس مریض ہلاک اور سات سو اکیاسی افراد اس وائرس میں مبتلاء ہو چکے ہیں ۔

سعودی عرب کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ  ملک میں مزید ایک ہزار اٹھاسی افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور اس طرح کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد نو ہزار تین سو باسٹھ تک پہنچ چکی ہے۔

اردن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس ملک میں کورونا کے چھے نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور یوں اردن میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد چار ہزار چھے سو ترسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔

بحرین نے چالیس نئے کورونا مریضوں کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سنیچر تک ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سات سو چالیس تک پہنچ گئی ہے ۔

قطر کی وزارت صحت نے بھی  ملک میں کورونا کے پانچ سو ساٹھ نئے مریضوں کی خبر دیتے ہوئے کورونا کے مریضوں کی تعداد چار ہزار چھے سو ترسٹھ بتائی ہے ۔

شام کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ سنیچر کو ملک میں پانچ کورونا مریض پائے گئے ہیں اور اس طرح شام میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اڑتیس ہو چکی ہے۔

صیہونی حکومت کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک کورونا وائرس سے مقبوضہ فلسطین میں ایک سو اکہتر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ صیہونی وزارت کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد میں ایک سو اٹھاون مریضوں کا اضافہ ہوا ہے اور اس طرح کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد تیرہ ہزار تین سو باسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلاء ایک سو چھپن صیہونیوں کی حالت نازک ہے۔   

 

 

ٹیگس