Apr ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۰ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان کے وزراء اعظم نے دی ماہ مبارک رمضان کی مبارکباد

پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم نے ماہ مبارک رمضان کی آمد پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ رمضان المبارک میں سب کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعاگو ہوں کہ یہ مقدس مہینہ اپنے ساتھ شفقت، ہم آہنگی اور ہمدردی کی فراوانی لائے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ایک مرتبہ پھر رمضان کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم انسانیت کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، بڑی بڑی طاقتیں اس وباء کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے اور ہماری مدد  فرمائے۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان، ہندوستان اور عراق سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج 25 اپریل کو یکم رمضان المبارک ہے تاہم سعودی عرب، قطر، کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین، عمان اور شام میں کل بروز جمعہ یکم رمضان المبارک تھی ۔

ٹیگس