مسجد الاقصی کے خطیب کے گھر پر صیہونی فوجیوں کا حملہ
قدس کے غاصب اور جابر صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی کے خطیب کے گھر پر حملہ کر دیا۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی انٹیلی جنس کے 10 آفیسروں اور 50 سے زائد فوجیوں نے مسجد الاقصی کے خطیب شیخ عکرمه صبری کے گھر کا محاصرہ کیا اور ان پر حملہ کر دیا۔
شیخ عکرمه صبری نے مسجد الاقصی میں یہودی بستیوں کے مکینوں کے غیر قانونی داخلے پر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرمسجد الاقصی کے ایک بھی دروازے کو یہودی بستیوں کے مکینوں کے لئے کھول دیا گیا تو پھر مسجد الاقصی کے تمام دروازے ہزاروں فلسطینی نمازیوں کیلئے کھل جائیں گے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے شیخ عکرمه صبری کے بیان پرانھیں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک بار پھر فلسطینیوں کو مسجد الاقصی میں نماز پڑھنے کی دعوت دی گئی تو پھر وہ کبھی بھی مسجد الاقصی کو دیکھ نہیں سکیں گے۔
صیہونی حکومت مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کے خلاف مسلسل سازشیں کر رہی ہے اور اس کو مٹانے کے درپے ہے ۔
پچھلے کئی مہینے سے صیہونی انتہا پسند عناصر بیت المقدس کے اسلامی اورعیسائی تشخص کو مٹانے اور شہر کو صیہونی شکل دینے کی غرض سے مسلسل مسجد الاقصی پر حملے کر رہے ہیں ۔