داعش کا حملہ پسپا 4 دہشتگرد ہلاک
عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے صوبہ صلاح الدین کے العیث علاقے پر داعش کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ الحشد الشعبی کے بریگیڈ 21 کے جوانوں نے صوبہ صلاح الدین کے العیث علاقے پر داعش دہشتگرد گروہ کا حملہ پسپا اور دہشتگردوں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔
در ایں اثناء عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے صوبہ صلاح الدین کے تکریت شہر میں داعش کے ٹھکانوں پر توپوں کے گولے داغے جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
عراق میں داعش دہشتگردوں کی شکست کے باوجود بعض علاقوں میں اس کے عناصر موجود ہیں اور اکا دکا دہشتگردانہ کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔
داعش دہشتگرد گروہ نے دوہزار چودہ میں امریکہ اور اس کے مغربی و عربی اتحادیوں کی مالی و اسلحہ جاتی مدد سے عراق پر حملہ کر کے اس ملک کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا اور بے پناہ ہولناک اور انسانیت سوز جرائم انجام دئے ۔ پھر اس کے بعد عراق نے ایران سے مدد کی اپیل کی تھی۔
عراقی فوج نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مشاورتی مدد سے سترہ نومبر دوہزار سترہ کو عراق میں داعش کے آخری گڑھ راوہ شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کا اعلان کیا جس کے بعد عملی طور پر عراق سے داعشی تسلط کا خاتمہ کر دیا گیا۔