کورونا کے باعث بنگلادیش میں قیدیوں کی رہائی
حکومت بنگلادیش نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اس ملک کے ہزاروں قیدیوں کو جیلوں سے رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق بنگلادیش میں محکمہ جیل خانہ جات کے سربراہ مصطفی پاشا نے کہا ہے کہ حکومت کے فیصلے کی بنیاد پر جیلوں میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے، مجرمانہ رکارڈ نہ رکھنے والے دو ہزار آٹھ سو چوراسی قیدیوں کو بتدریج جیلوں سے رہا کیا جائے گا۔
درایں اثنا یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ اتوار کو ڈھاکا کی سینٹرل جیل اور دار الحکومت کے مضافات میں واقع دیگر جیلوں سے تین سو پچاسی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔
بنگلادیش نے اکیس اپریل کو ڈھاکا جیل کے ایک محافظ کے کورونا میں مبتلا ہونے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت بنگلادیش کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک نو ہزار چار سو پچپن افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے ایک سو ستتر مریض ہلاک اور ایک ہزار ترسٹھ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں ۔