May ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • عراق، صوبے الانبار کے کئی علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا

عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی نے صوبے الانبار کے مغربی علاقے میں دہشت گردوں کا قلع قمع اکرتے ہوئے اسود الصحرا نامی فوجی آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

عراق کے صوبے الانبار کی آپریشنل کمان میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے انچارج احمد نصراللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس صوبے کے مغربی علاقوں، خاص طور سے سخت راستے والے علاقوں سے داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کا صفایا کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ الحشد الشعبی نے اپنی کاروائی کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ چار مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔ کاروائی کے دوران دھماکہ خیز مواد کی حامل ایک گاڑی کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ اسکے علاوہ حشد الشعبی نے دہشت گردوں کی تین موٹر سائیکلوں کو ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں قائم دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو بھی نذر آتش کر دیا ہے۔

اُدھر عراقی فوج نے بھی اعلان کیا ہے کہ حالیہ کاروائیوں کے دوران دہشت گرد عناصر کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور اب وہ دوبارہ منظم نہیں ہو سکیں گے۔ عراق کی مشترکہ فوجی آپریشن کمیٹی کے ترجمان تحسین الخفاجی نے کہا ہے کہ  بابل صوبے کے بعض علاقوں میں داعش تکفیری دہشت گرد عناصر کے حالیہ حملوں کا مقصد، رعب و وحشت پھیلا کر پروپیگنڈہ مہم میں کامیابی حاصل کرنا تھا۔

واضح رہے کہ عراق کے بعض علاقوں میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقیماندہ جراثیم، موقع پا کر دہشت گردانہ حملے کرنے سے نہیں چوکتے اور اب ان کا خاتمہ کرنے کے لئے عراقی فورسز کی جد و جہد جاری ہے۔

ٹیگس