May ۰۷, ۲۰۲۰ ۲۲:۳۷ Asia/Tehran
  • مسجد الحرام میں داخلے کے لیے کورونا ٹیسٹ کے اسمارٹ گیٹس نصب، مسجد النبی بھی کھلنے کا امکان

مسجد الحرام اور مسجد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے امور کے سربراہ کے دفتر نے زائرین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی جانچ کے لیے ماہ مبارک رمضان میں مسجد الحرام میں داخلے کے دروازوں پر چھے اسمارٹ الیکٹرانک گیٹ نصب کیے ہیں۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واس نے جمعرات کو رپورٹ دی ہے کہ یہ اسمارٹ گيٹ باب الملک فہد، باب 94، باب بلال، باب الصفا اور باب السلام پر نصب کیے گئے ہیں۔ اسی طرح سے باب بلال پر علمائے دین اور مسجد الحرام کے امور کے عہدیداروں کے داخلے اور باب الصفا پر مسجد الحرام کے کارکنوں اور خادموں کے داخلے کے لیے ایک نیا الیکٹرانک گیٹ لگایا گيا ہے۔ واس کا کہنا ہے کہ یہ گیٹ انتہائي پیشرفتہ ہیں اور ان میں ڈس انفیکشن والے اسپرے لگے ہوئے ہیں جبکہ ایسے کیمرے نصب ہیں جو چھے میٹر کے فاصلے سے ہی لوگوں کے جسم کے درجۂ حرارت کو نوٹ کر لیتے ہیں۔

حرمین شریفین کے امور کے سربراہ عبد الرحمن السدس نے اس سے قبل بتایا تھا کہ اگلے کچھ دنوں میں زائرین کے لیے مسجد الحرام میں نماز اور طواف اور اسی طرح مسجد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں نماز کی راہ ہموار ہو جائے گي۔

ٹیگس