خطے کی صورتحال دھماکہ خیز ہے، آپسی تعاون ناگزیر: قطر
قطر کے وزیر خارجہ نے موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مغربی ایشیا کے ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو ضروری قرار دیا ہے۔
قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے تمام ملکوں کے لیے لاتعداد اقتصادی مشکلات پیدا کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خطے کے ممالک ان مشکلات پر قابو پانا چاہتے ہیں تو انہیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔
قطر کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، علاقائی بحرانوں سے نمنٹے اور اندرونی اصلاحات میں ناکامی، قطر کا محاصرہ اور عراق، یمن اور دیگر علاقوں میں جاری جنگ نے خطے کی صورتحال کو دھماکہ خیز بنا دیا ہے۔
شیخ عبد الرحمن آل ثانی نے واضح کیا کہ اگر جھڑپوں اور خطے کے ملکوں میں بیرونی مداخلت کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو مستقبل کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے تعاون کا امکان ختم ہو جائے گا اور یہ بات انتہائی تشویشناک ہوگی۔
دوسری جانب عرب سرمایہ کاروں کی انجمن کے سربراہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے عرب ملکوں کو تقریبا دو سو تیئیس ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔ حمدی الطباع نے آئی ام اف کی تازہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام عرب ملکوں کی معیشت کو کورونا وائرس نے بہت متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے عرب ملکوں کو جو اقتصادی نقصان پہنچا ہے وہ ان کی کل معیشت کے بارہ فی صد کے برابر ہے۔ عرب سرمایہ کاروں کی انجمن کے سربراہ نے بتایا کہ اقتصادی جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ رواں سال کے دوران عرب ملکوں کے قرضوں میں تقریبا ایک سو نوے ارب ڈالر کا اضافہ ہوگا اور یہ قرضہ ایک اعشاریہ چار ٹریلین ڈالر تک پہچنے کا اندیشہ ہے۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ عرب ممالک اور خاص طور سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تینتس ہزار سات سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک میں کورنا کے ایک ہزار سات سو ترانوے نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عر صے کے دوران مزید دس افراد کی موت واقع ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد تین سو انیس ہو گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کورونا کے مریضوں کی کل تعداد سولہ ہزار دوسو چالیس اور مرنے والوں کی تعداد ایک سو پینسٹھ ہے۔
ادھرغاصب صیہونی حکومت نے بھی کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں اضافے کا اعتراف کیا ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سولہ ہزار تین سو اکیاسی ہوگئ ہے جبکہ دو سو چالیس صیہونی ہلاک بھی ہوئے ہیں۔