لیبیا، خلیفہ کی فوج نے ترک فوج کو حملہ کی دھمکی دی
لیبیا میں خلیفہ حفتر کی نیشنل آرمی نے ملک کی قومی وفاقی حکومت کی فوج اور ترکی کے فوجیوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔
لیبیا کی نیشنل آرمی کے نام سے موسوم خلیفہ حفتر سے وابستہ فوج کے فضائی یونٹ کے سربراہ صقر الجروشی نے کہا کہ نیشنل آرمی، لیبیا کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن انجام دینے کے قریب پہنچ چکی ہے۔ الجروشی نے کہا کہ لیبیا کے تمام شہروں میں ترکی کے اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنانا لیبیا کی نیشنل آرمی کا قانونی ہدف ہے۔
نیشنل آرمی فضائیہ کے سربراہ نے عام شہریوں کو ان مراکز سے دور رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ خلیفہ حفتر سے وابستہ نیشنل آرمی دو ہزار انیس سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انقرہ حکومت، خلیفہ حفتر کے مقابلے میں لیبیا کی عالمی حمایت یافتہ فائز السراج کی قومی وفاقی حکومت کی حمایت کرتی ہے جبکہ مشرقی لیبیا میں خلیفہ حفتر نے حکومت قائم کر رکھی ہے۔