شام، تیل کے ذخائر کے قریب امریکہ نے مزید فوجی ساز و سامان تعینات کیا
امریکہ نے شمال مشرقی شام کے صوبہ الحسکہ کے لئے بڑی تعداد میں فوجی ساز و سامان روانہ کئے ہیں.
اسپوٹنک نیوز ایجنسی نے پیر کو ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ نے شمال مشرقی شام کے صوبہ الحسکہ کے شہر الشدادی کے لئے پچاس ٹرکوں پر فوجی سا ز و سامان اور ہیلی کاپٹر روانہ کر دیئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق الحسکہ کے تیل کے کنؤوں کے قریب فوجی ساز و سامان کی نئی کھیپ بھیجنے سے امریکہ کا مقصد علاقے میں اپنے فوجی اڈوں کو مضبوط بنانا اور شام پر دباؤ ڈال کر اسے سینچری ڈیل تسلیم کرنے پر مجبور کرنا ہے۔
دہشتگردوں کے چنگل سے شمال مشرقی شام کے شہر رقہ کی آزادی کے بعد سے امریکہ ایک بار پھر دہشتگرد گروہوں کو اس علاقے پر قابض کرانا چاہتا ہے۔ الحسکہ کے مضافات میں واقع الدشیشہ اور القاہرہ دیہاتوں کے عوام گذشتہ دنوں بھی اپنے علاقے سے امریکی فوجی کانوائے کو گزرنے سے روکتے اور اپنے ملک میں غیرملکی فوجیوں کی موجودگی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ہیں۔
امریکہ اور اس کے اتحادی دمشق حکومت کی اجازت کے بغیر غیرقانونی طور پر دہشتگردوں کے خلاف نام نہاد جنگ کے بہانے اپنے فوجی تعینات کئے ہوئے ہیں۔ شام کی حکومت نے بارہا یہ اعلان کیا ہے کہ شام میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے اقدامات، اس ملک پر غاصبانہ قبضے کے مترادف ہے۔