عراق میں داعش کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد گروہ داعش کی باقیات کے خلاف جاری آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
بغداد میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش کے خلاف یہ آپریشن جن علاقوں میں انجام دیئے گئے ہیں ان میں صوبہ صلاح الدین کے مرکزی و نواحی علاقوں کے علاوہ شمال مغربی تکریت بھی شامل ہے۔ اس آپریشن کے دوران تکریت شہر کے بعض علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا گیا ہے۔ عراقی ذرائع نے بتایا ہے کہ تکریت میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس نے عراق کے شہر سامرا میں داعش کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسکے حملے کو پسپا کر دیا ہے۔ داعشی دہشت گرد عناصر سامرا میں گھس کر سیکورٹی فورس کے ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم عوامی رضاکار فورس نے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی اور انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
ایک اور اطلاع کے مطابق عراق کے سیکورٹی اداروں نے صوبہ الانبار میں بھی دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔عراق میں داعش کی شکست کے باوجود اس گروہ کے باقی ماندہ عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور گاہے بگاہے دہشت گردانہ حملے بھی کرتے رہتے ہیں۔عراقی ذرائع نے پچھلے چندر روز کے دوران بارہا خبردار کیا ہے کہ امریکہ نے داعش کے خفیہ جتھوں کو ایک بار پھر دہشت گردانہ حملوں کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔