May ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • صافر آئل ٹینکر کے تعلق سے امریکی درخواست فریب ہے: علی الحوثی

انقلاب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے صافر آئل ٹینکر اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے امریکی وزارت خارجہ کی درخواست کو ایک سازش سے تعبیر کیا ہے۔

صافر آئل ٹینکر کہ جو ایک پرانا اور فرسودہ آئل ٹینکر ہے گذشتہ چار برسوں سے مغربی یمن کے الحدیدہ بندرگاہ کے قریب لنگر انداز ہے اور جارح سعودی عرب، انصاراللہ کو تیل کے حامل اس ٹینکر کی تعمیر و مرمت کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا کہ امریکہ نے یہ درخواست ایسے عالم میں کی ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ، یمنی عوام کے قتل عام کو روکنے کے لئے انجام پانے والی تمام کوششوں کو ویٹو کر دیتے ہیں۔ محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمن میں سعودی اتحاد کے جرائم، امریکی ہتھیاروں سے انجام پا رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ یمن میں امریکی سفارتخانے نے یہ دعوا کیا ہے کہ صافر آئل ٹینکر حوثیوں کے قبضے میں ہے اور تحریک انصار اللہ بین الاقوامی ماہرین کو اس آئل ٹینکر کا جائزہ لینے اور معائنہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ امریکہ نے یہ دعوا کرتے ہوئے یمن کی تحریک انصار اللہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی ماہرین کو صافر کا جائزہ لینے کی اجازت دیں۔

امریکہ کا یہ دعوا اور اسکا مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ یمن کے عوام کے لئے ایندھن اور غذائی اشیاء کے حامل دیگر بائیس بحری جہازوں  کو جارح سعودی اتحاد روکے ہوئے ہے اور اس میں موجود سامان اتارنے کی اجازت نہیں دے رہا ہے اور دوسری طرف تحریک انصار اللہ کے حکام بارہا اس آئل ٹینکر کو ماحولیات کے لئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے انتباہ دے چکے ہیں کہ اس آئل ٹینکر کی مرمت ضروری ہے ورنہ اس کے باعث ماحولیاتی المیہ رونما ہو سکتا ہے۔

درایں اثنا یمن کی تحریک انصار اللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے عید کے دن بھی یمن کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور کہا کہ یمن کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو پشیمانی ہوگی اور اپنی حرکتوں پر پچھتانا پڑے گا۔ محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کی وحشیانہ اور خونریز کارروائیوں اور پابندیوں سے جارحین کو تحفظ نہیں ملے گا۔ 

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے یمن کے شہروں پر جارح سعودی اتحاد کے فضائی حملوں میں شدت پیدا ہونے کے انجام کی بابت بھی خبردار کیا ۔  یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے یمن کے شہروں پر گذشتہ دو دنوں کے دوران سعودی اتحاد کے اڑتالیس فضائی حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ مارب کا شہر مجز صوبہ حجہ کے شہر حرض اور عبس صوبہ صعدہ کے مران ، الملاحیط اور باقم شہروں پر جارح سعودی اتحاد نے شدید حملے کئے ہیں۔

یحیی سریع کے مطابق صوبہ صعدہ کے مران رہائشی علاقے  پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں پانچ عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ مغربی یمن میں واقع صوبہ الحدیدہ پر بھی جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ دو دنوں میں اکاون بار فضائی حملے کئے ہیں۔ امریکہ کی حمایت سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک مارچ دوہزار پندرہ سے مسلسل حملے کر رہے ہیں اور اس ملک کا بری ، بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہیں۔ 

یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے وحشیانہ حملوں میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید ، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں بے گھر اور دربدر ہو چکے ہیں۔  

 

ٹیگس