یورپی سفیروں کی عبداللہ عبداللہ سے ملاقات
افغانستان میں متعین یورپی ملکوں کے سفیروں اور یونین کے نمائندوں نے کابل میں اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی ہے۔
اعلی مصالحتی کونسل کے پریس ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق عبداللہ عبداللہ اور یورپی ملکوں کے سفیروں اور یورپی یونین کے نمائندوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں، امن کے عمل میں پیشرفت، جنگ بندی کی صورتحال، قیدیوں کے تبادلے، مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور افغانستان میں قیام امن کے لیے یورپی یونین کی حمایت جیسے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
یورپی ملکوں کے سفیروں اور یونین کے نمائندوں نے اس موقع پر افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کے قیام، اقتدار کی ساجھے داری اور امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے انجام پانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے صدارتی انتخابات کے دو قریبی حریفوں، محمد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے انتخابی نتائج کے بارے میں کئی ماہ تک جاری رہنے والی کشیدگی کے بعد گزشتہ دنوں اقتدار کی ساجھے داری کے سمجھوتے پر دستخط کیے تھے۔ اس سمجھوتے کے تحت اشرف غنی بدستور افغانستان کے صدر باقی رہیں گے جبکہ عبداللہ عبداللہ اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ ہونے کے علاوہ کابنیہ کے پچاس فی صد ارکان کا تعین کرنے کے بھی مجاز ہوں گے۔
افغانستان کے صدارتی انتخابات گزشتہ سال ستمبر میں منعقد ہوئے تھے، تاہم عبداللہ عبداللہ نے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ افغانستان کے الیکشن کمیشن نے صدر اشرف غنی کو انتخابات میں کامیاب قرار دیا تھا اور عبداللہ عبداللہ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔