Jun ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • یمن میں ایرانی اسپتال کی سرگرمیاں پھر شروع ہوں گی

ایران کی انجمن ہلال احمر کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں ستّر بیڈ کے ہسپتال کی سرگرمیاں جلد ہی دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔

محمد نصیری نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ صنعا میں یہ ہسپتال، دو ہزار نو میں انسان دوستانہ سرگرمیوں کے پانچ برس بعد سیکورٹی مسائل کی بنا پر بند کر دیا گیا تھا جو یمن کے محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ ایران کی وزارت خارجہ کے عہدیداروں کی بات چیت اور ہم آہنگی کے بعد جلد ہی دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

سعودی عرب نے امریکہ اور بعض دیگر ملکوں کی حمایت اور متعدد ملکوں کے ساتھ اتحاد قائم کر کے مارچ دو ہزار پندرہ سے اس ملک کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے۔ گذشتہ پانچ برس  کے دوران متحدہ عرب امارات اور امریکہ کو چھوڑ کر سعودی اتحاد کے تمام ممالک اس اتحاد سے باہر نکل چکے ہیں جبکہ جنوبی یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بھی رسہ کشی جاری ہے۔

واضح رہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار بے گناہ یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں دیگر بے گھر ہو چکے ہیں اور اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کروڑوں یمنی شہریوں کے قحط و بھوک مری سے دوچار ہونے اور بدترین انسانی المیہ رونما ہونے کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

ٹیگس