Jul ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • جارحین کے ناجائز فائدہ اٹھانے کے سلسلے کو جلد ہی ختم کردیں گے: یمن کے وزیر دفاع

یمن کی قومی حکومت کے وزیر دفاع نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ڈرون اور میزائلی حملوں کے ذریعے انتقامی کارروائیوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی جارحین کی جانب سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔

یمن کے وزیر دفاع جنرل محمد ناصر العاطفی نے اپنے ملک کے خلاف جارحیت کرنے والے ممالک کے نام ایک پیغام میں جارح ملکوں کے اندر تک کارروائیاں انجام دینے کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم یمنی عوام کے خلاف جارحین کے وحشیانہ جرائم، محاصرے اور ہیکڑی کا سلسلہ جلد ہی ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔ جنرل ناصرالعاطفی نے یمنی فوج کی ڈرون اور میزائلی صلاحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس صلاحیت نے دشمن پر اپنی بالا دستی ثابت کردی ہے اور یمن کی مسلح افواج نے اپنی دفاعی طاقت سے جارحین کے اسٹریٹیجک اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

یمن کے وزیر دفاع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سیاسی و فوجی توازن یمنی عوام کے حق میں رہا ہے اور جارحین کو ناکامی ہوئی ہے، زور دے کر کہا کہ یمن کی مسلح افواج کے پاس جارحین کو ملک سے باہر نکالنے کی طاقت موجود ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے سعودی عرب مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر جارحیت کے ساتھ ہی اس کا زمینی، فضائی اور بحری محاصرہ کئے ہوئے ہے۔

ٹیگس