Jul ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۴:۰۰ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی کی نجات کا واحد راستہ صیہونی حکومت کا زوال ہے: تحریک اسلامی فلسطین

فلسطینی گروہوں نے ایک بار پھر صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ مسجد الاقصی فلسطینیوں کے نزدیک ریڈلائن ہے اور اس کی بے حرمتی کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔

فلسطین کی تحریک اسلامی نے مسجد الاقصیٰ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے منصوبوں پر عملدرآمد کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے. فلسطین کی تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ رائد صلاح نے تین سال تک گھر میں نظربند رہنے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت مسجد الاقصیٰ کی اسلامی شناخت  ختم کرنے کے مقصد سے اسے یہودی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مسجد الاقصیٰ کو مکمل طور پر اپنے قبضے میں لینے کے لئے کوشاں ہے اور مسجد الاقصیٰ کا اسلامی و عربی تشخص اور اس کی شناخت بچانے کا واحد ذریعہ غاصب صیہونی حکومت کی نابودی ہے۔

شیخ رائد صلاح نے اسی طرح عرب اقوام اور امت مسلمہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسجد الاقصیٰ اور بیت المقدس کی بھرپور حمایت کریں۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے بھی زور دے کر کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ اور بیت المقدس فلسطینی قوم اور تحریک استقامت کی ریڈ لائن ہیں اور ان کی حمایت کرنا تمام مسلمانوں کا دینی و اخلاقی فریضہ ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے بھی مسجد الاقصیٰ میں باب الرحمہ بند کرنے کے لئے غاصب صیہونی حکومت کی کوشش کے خلاف ہونے والے مظاہرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و اسرائیل کے سازشی منصوبے سینچری ڈیل پر عملدرآمد کی تمام کوششوں سے بھی حقائق ہرگز تبدیل نہیں ہو سکتے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے سینیئر رکن خضر حبیب  نے غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینیوں کے مظاہرے سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ فلسطینی عوام ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے کہ غاصب صیہونی حکومت مسجد الاقصیٰ اور بیت المقدس پر قبضہ کرنے کے لئے اپنے کسی منصوبے پر عمل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

6: https://chat.whatsapp.com/DZdWBKZsv7v06U6c7eoOne

ٹیگس