شربل وہبہ، لبنان کے وزیر خارجہ بن گئے
لبنانی حکام کی جانب سے وزیر خارجہ ناصیف حتی کا استعفی قبول کر لیے جانے کے بعد شربل وہبہ کو اس ملک کا نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گيا ہے۔
لبنان کے صدر اور وزیر اعظم نے وزیر خارجہ ناصیف حتی کے استعفے کو قبول کرتے ہوئے، ان کی جگہ پر شربل وہبہ کو ملک کا نیا وزیر خارجہ مقرر کیا ہے۔ لبنان کے ایوان صدر کی ویب سائٹ نے ایک ٹوئیٹ کر کے بتایا ہے کہ صدر میشل عون اور وزیر اعظم حسان دیاب نے پیر کے روز ایک دوسرے سے ملاقات کی جس میں شربل وہبہ کو لبنان کا نیا وزیر خارجہ بنانے پر اتفاق ہوا۔ شربل وہبہ اس سے پہلے لبنان کے صدر میشل عون کے مشیر تھے۔
واضح رہے کہ لبنان کے سابق وزیر خارجہ ناصیف حتی نے پیر کے روز ملک کے وزیر اعظم کو اپنا استعفی سونپ دیا تھا۔ انھوں نے اپنے استعفے کا سبب عالمی برادری کے مد نظر مطلوبہ اصلاحات کو انجام دینے کے لیے تعمیری عزم کا فقدان اور اصلاحات کا تاریک مستقبل بتایا ہے۔