Aug ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • بلوائیوں کو لبنانی فوج کا انتباہ

بعض لبنانی مظاہرین کے سرکاری اداروں اور وزارت خانوں میں گھس جانے کے بعد لبنانی فوج نے بلوائیوں کو انتباہ دیا ہے اور جلد از جلد سرکاری اداروں سے باہر نکل جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

لبنانی فوج نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ بعض مظاہرین پرامن مظاہروں کے حق اور اصولوں کو  پامال کرتے ہوئے بلوا اور شورش پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں اور وہ سرکاری اداروں اور املاک کو آگ لگارہے ہیں  لبنان کی فوج نے بعض ذرائع ابلاغ کے اس دعوے کو بھی مسترد کردیا ہے کہ فوجی اہلکار مظاہرین پر حملہ اور فائرنگ کر رہے ہیں ۔ لبنانی فوج کے بیان میں آیا ہے کہ فوج نے ہمیشہ ہی مظاہرین کے ساتھ پرامن طریقے سے تعاون کیا ہے۔

 لبنانی مظاہرین نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات فوج کے انتباہ کے باوجود پبلک سروسز اور امیگریشن سے متعلق وزارت خانوں اور سرکاری اداروں پر حملہ کر کے ان میں توڑ پھوڑ کی ۔

 بعض مظاہرین نے سیکورٹی اہلکاروں پر دھماکاخیز مواد اور پتھر پھینکے جبکہ کچھ مظاہرین نے پارلیمنٹ کی عمارت کے اطراف میں آگ لگائی ۔

 لبنانی مظاہرین نے سنیچر کو بھی وزارت خارجہ اور وزارت اقتصاد سمیت کئی وزارتخانوں پر حملہ کیا تھا اور ان وزارتخانوں کو نقصان  پہنچایاتھا

لبنان میں بلوا اور فساد کا سلسلہ بیروت بندرگاہ کے ایک گودام میں امونیم نائٹریٹ کے ذخائرمیں ہونے والے دھماکے کے بعد شروع ہوا ہے ۔ دوہزار سات سو ٹن امونیم نائٹریٹ کے گودام میں ہونے والے ہولناک دھماکوں سے بھاری  تباہی پھیل گئی ۔

لبنان کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ان دھماکوں کے نتیجے میں ایک سو اٹھاون افراد جاں بحق اور چھے ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ۔

دوسری جانب فلسطین کی استقامتی تحریک حماس نے  خبردار کیاہے کہ لبنان کے دشمن اس ملک میں استقامتی محاذ کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

 فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے پیر کو اپنے بیان میں  بیروت بندرگاہ پر ہونے والے دھماکوں اورلبنان کے امور میں بیرونی مداخلتوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں جو کچھ ہوا ہے وہ ایک بڑی مصیبت ہے لیکن توسیع پسندانہ کوششوں اور غیرملکی مداخلتوں سے ہوشیار رہنا چاہئے کہ جو بین الاقوامی امداد کے ذریعے انجام پا رہی  ہیں  ۔

تحریک حماس کے رہنما نے کہا کہ ملت فلسطین ، لبنانی عوام کی تکلیف و پریشانی میں برابر کی شریک ہے اور اپنی قوم کے معمولی وسائل ان کے اختیار میں دینے کے لئے تیار ہے تاکہ لبنان اس مشکل گھڑی سے باہر نکل سکے۔

 اسماعیل رضوان نے لبنانی عوام سے اپیل کی کہ وہ موقع پرستوں کو کوئی موقع نہ دیں اور اپنے قومی اتحاد اور استقامت کے ہتھیار کا تحفظ کریں۔

 تحریک حماس کے اس رہنما نے عرب ممالک سے بیروت بندرگاہ کی تعمیرنو کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو لبنان کا ظالمانہ محاصرہ ختم کرنا چاہئے اور اسے بیرونی ممالک کی سرپرستی سے آزاد ہو کر زندگی گذارنے دینا چاہئے۔

 

 

ٹیگس