افغان صدر نے باقی چار سو طالبان بھی رہا کئے
افغانستان کے صدر نے طالبان کے قیدیوں کی رہائی کے حکم نامے پر دستخط کر دیئے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے افغان لویہ جرگہ میں 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کے فیصلے کے بعد ان کی رہائی کے حکم نامے پر دستخط کر دئے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ حکومت چار سو طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل دو روز میں شروع کر دے گی۔ دوسری طرف طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے اطمینان دلایا ہے کہ قیدیوں کی رہائی مکمل ہوتے ہی ایک ہفتے کے اندر بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہو جائے گا۔
افغان لویہ جرگہ نے اپنے آخری اجلاس میں 400 طالبان قیدیوں کی رہائی پر اپنی رضامندی کا اعلان کیا تھا۔
امریکہ اور طالبان کے مابین دوحہ میں ہونے والے معاہدے کے تحت افغان حکومت کو طالبان کے پانچ ہزار قیدی رہا کرنے تھے جن میں سے افغان حکومت، طالبان کے 4 ہزار 600 قیدی رہا کر چکی ہے۔ جبکہ طالبان نے بھی تقریبا ایک ہزار افغان قیدیوں کو رہا کیا ہے۔