Aug ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • امت اسلامیہ کے غداروں نے نقاب الٹ دی، ہم فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر اور وزیر خارجہ نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مجاہدت جاری رہنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے فلسطینیوں کی ہمہ گیر حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں صیہونی حکومت کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے حکمراں خاندان کی پست ساز باز اور گھناؤنی حرکت پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھوتہ اور ساز باز فلسطینی کاز، امت اسلامیہ کی اسلامی تعلیمات اور انسانی اقدار کے کے ساتھ کھلی خیانت کی ہے۔

اسپیکر قالیباف نے کہا کہ انسانیت کے دشمن اور مسلم امہ کے ساتھ خیانت کرنے والوں نے اپنے چہروں سے نقاب الٹ دی ہے۔ 

 انہوں نے کہا کہ جو لوگ صیہونی حکومت کے ساتھ دوستی اور تعلقات قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں وہ پوری امت مسلمہ کی نگاہوں میں خائن اور مجرم ہیں اور نحس صیہونی حکومت کے ماضی، حال اور آئندہ کے تمام اقدامات میں اس کے شریک کار سمجھے جائیں گے۔ 

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ حق و باطل، منافقین و مسلمین اور مجرم و ظالم صیہونی حکومت کے دشمنوں اور دوستوں کے درمیان کھلی محاذ آرائی یقینا بیت المقدس کی آزادی کی راہ میں استقامتی محاذ کے مزید قوی ہونے کا باعث بنے گی۔

درایں اثنا ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض مالکی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں اپنے حقوق کی بحالی کے لئے فلسطین کی عظیم قوم کی جدوجہد، اور اس راہ میں فلسطینی گروہوں اور عوام کے درمیان یکجہتی کو ضروری قرار دیا ہے۔ 

اس موقع پر فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بھی فلسطینی عوام کی حمایت میں ایران کے موقف کا شکریہ ادا کیا اور اپنے حقوق کی بحالی کے لئے فلسطینی رہنماؤں اور عوام کے مضبوط عزم پر زور دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ جب تک فلسطینی زمینیں غاصب صیہونی حکومت کے قبضے سے آزاد نہیں ہو جاتیں اس وقت تک وہ سب کے سب اپنے عہد  پر قائم رہیں گے ۔ 

 اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے شرمناک سمجھوتے کے بعد جمعے کو تحریک جہاد اسلامی کے سربراہ زیاد النخالہ اور استقامتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فون پر گفتکو کی تھی۔ 

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے صیہونی حکومت اور امارات کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کی مذمت کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ ملت فلسطین کاز کی حمایت کرتا رہے گا۔ 

ٹیگس