Aug ۱۸, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • عراق میں ترکی کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا گیا

عراقی ذرائع نے کہا ہے کہ اس ملک کے شمال میں ترکی کا ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق ترکی کے ایک ہیلی کاپٹر کو عراقی کردستان کے علاقے ھفتنین میں ترک کردستان لیبر پارٹی (پی کے کے)  نے نشانہ بنا کر سرنگوں کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ترکی کا ابھی تک اپنے ہیلی کاپٹر کے سرنگوں ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں کوئی رد عمل  سامنے نہیں آیا ہے۔

گزشتہ منگل کو اربیل میں عراق کی سرحدی فورسز کی ایک گاڑی پر ترکی کے ڈرون حملے میں عراقی فوج کے دو کمانڈروں سمیت 4 فوجی جاں بحق ہو گئے تھے۔

عراق کی وزارت خارجہ نے اس قسم کے حملوں کو اپنی ارضی سالمیت اور عالمی ضابطوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کئی مرتبہ بغداد میں ترکی کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی نے حالیہ برسوں کے دوران ترک کردستان لیبر پارٹی (پی کے کے) کے عناصر کی سرکوبی کے بہانے عراق کی سرزمین پر کئی مرتبہ جارحیت کی اور عراق کی حکومت نے ترکی کے اس قسم کے حملوں کو عراق کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔

ٹیگس